خواب اور تعبیر
پہلے خواب کی تعبیر پر تبصرہ میری رائے میں اس تعبیر سے واضح نہیں ہوتا کہ سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمارے تردید مغرب کے کام کی مخصوص تائید فرمائی ہے۔ جس صاحب نے یہ تعبیر فرمائی ہے ان کی ذاتی رائے لگتی ہے۔ دوسرے خواب کی تعبیر پر تبصرہ اس خواب سے بھی سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی واضح تاکید ہمارے کام کے لیے ظاہر نہیں ہوتی۔ اگر نام ظاہر نہ کیا جائے تو یہ خواب اہل سرکل کی طرف منسوب نہیں کیے جا سکتے۔ عمومی تبصرہ میری رائے میں دونوں خوابوں سے ہمارے کام کی سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی تائید واضح نہیں ہوتی لہٰذا ان کی تشہیر نہ کی جائے لیکن اگر عمیر ثانی سرکل سے وابستہ ہوں تو ان کو جو عزت سرکار نے بخشی ہے (جو ان کی مجموعی اسلامی جدوجہد کا نتیجہ ہے جس میں تردید مغرب بھی شامل ہے) کو اس طریقہ سے بیان کیا جا سکتا ہے کہ سرکار دو عالم تردید مغرب کے کام کو مجموعی اسلامی جدوجہد کا حصہ گردانتے ہیں۔ اس ضمن میں عالمگیری مسجد کے امام صاحب کی تعبیر جو صراحتاً تردید مغرب کے ضمن میں ہے کا ذکر بھی کیا جا سکتا ہے۔ یہ نہایت نازک کام ہے۔ ہمیں ہر طرح ایسی بات سے بچنا چاہیے جو سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے واضح طور پر بیان نہیں فرمائی لیکن جتنی کچھ بھی تائید سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمائی ہے وہ بہت بڑی قسمت ہے اور اس کے درست اظہار سے گریز نہیں کرنا چاہیے۔ لہٰذا اگر اس خواب اور تعبیر کی تشریح کرنا ہے تو تمام سرکل کے شرکا جس میں عمیر ثانی بھی شامل ہوں مل کر ایک مراسلہ تیار کریں جس کا عنوان ہو ۔۔۔۔۔۔۔ اور جس میں ۔۔۔۔یہ خواب دیکھے ہیں۔ پھر خواب کی تفصیل بیان کی جائے اور واضح کیا جائے کہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے سرکل کے لیے اس کاوش کی عمومی اسلامی جدوجہد کی تائید فرمائی ہے جس میں تردید مغرب کا کام بھی شامل ہے۔ پھر دوسرے خواب کی حضرت امام عالمگیری مسجد کی تعبیر جس میں وہ صریحتاً تردید مغرب کی سرکار صلی اللہ علیہ وسلم کی تائید کا ذکر کرتے ہیں بیان کی جائے۔ یہ مسودہ مجھے دکھانے کے بعد اپنی ویب سائٹ پر نشر کیا جائے۔ احقر جاوید اکبر انصاری